کوچی، 8 ؍جنوری(ایس او نیوز،آئی این ایس انڈیا )کانگریسی لیڈر کے سی وینو گوپال نے آج کہا کہ اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی ایم پی ساکشی مہاراج کامتنازعہ بیان سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف ہے، جس میں عدالت عظمی نے مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے پرپابندی لگادی تھی ۔بی جے پی پر مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے لوک سبھا میں کانگریس کے نائب چیف وہپ وینو گوپال نے الیکشن کمیشن سے ساکشی مہاراج اور بی جے پی کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ساکشی مہاراج کا بیان اتر پردیش میں بھگوا طاقت کی سیاسی چال کا حصہ ہے، جہاں اگلے ماہ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔بی جے پی لیڈر ساکشی مہاراج کے بیان سے خود کو الگ کر لینے کے ایک دن بعد وینو گوپال نے الزام لگایا کہ امت شاہ کی قیادت والی پارٹی کی یہ دورخی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کا سیاسی اقدار پر یقین ہوتا تو ساکشی مہاراج کو اب تک پارٹی سے نکالا جا چکا ہوتا۔وینو گوپال نے کہاکہ وہ کہیں گے کہ وہ ملک کی ہمہ جہت ترقی کو لے کر پرعزم ہیں لیکن اصل میں آپ ان کے قول و فعل میں تضاد کو دیکھ سکتے ہیں۔